لاہور: حکومت پنجاب نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر منگل 4 اگست کو لاہور میں مقامی عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیل صرف ضلع لاہور اور وہاں قائم ماتحت سرکاری دفاتر تک محدود ہو گی۔ جبکہ پنجاب سول سیکرٹریٹ، اس کے ماتحت محکموں اور علاقائی دفاتر میں معمول کے مطابق سرکاری امور جاری رہیں گے۔
پنجاب حکومت نے متعلقہ اداروں کو نوٹیفکیشن پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔
دوسری جانب حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے دوسرے روز ملک بھر سے آنے والے ہزاروں زائرین کے پیش نظر لاہور پولیس نے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق داتا دربار پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور الیکٹرانک بیریئرز نصب کیے گئے ہیں، جبکہ ہر آنے والے شخص کی مکمل تلاشی اور جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ خواتین اور بچوں کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے، جبکہ سینئر پولیس افسران داتا دربار انتظامیہ اور عرس منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔
سی سی پی او نے ٹریفک پولیس کو بھی عرس کے دوران داتا دربار اور اطراف میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: متبادل سرمایہ کاری ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، وزیر اعظم
انہوں نے کہا کہ عرس کی تقریبات اور حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے پیش نظر شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور سرچ و کومبنگ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں گے۔
