آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلہ کی پولنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلم لیگ ن نے 13 نشستیں حاصل کرکے میدان مار لیا جبکہ پیپلز پارٹی نے 5 نشستیں جیت لیں۔
آزاد جموں و کشمیر قانون سازاسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 9 میں سے 8 حلقوں پر پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ توسیع کی گئی جبکہ ایک حلقے میں پولنگ ملتوی کر دی گئی۔
الیکشن کمیشن نے مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کے لیے صبح 8 سے شام 5 بجے تک کا وقت مقرر کیا تھا۔
مظفر آباد ڈویژن کی 8 نشستوں پر پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ توسیع کی گئی تھی، جس کے بعد ووٹرز شام 6 بجےتک ووٹ کاسٹ کرتے رہے۔ آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج 21 نشستوں پر پولنگ شیڈول تھی، جس میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 جب کہ مہاجرین کی 12 نشستیں شامل تھیں تاہم الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد میں پولنگ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ایل اے 27 میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد سڑکیں بند تھیں جس کے نتیجے میں انتخابی عملہ اور انتخابی سامان بروقت نہ پہنچ سکا، اس حلقے میں پولنگ اب 4 اگست کو ہوگی۔
آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات تین مراحل میں ہو رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں انتخابات ہوئے تھے، دوسرا آج منعقد ہوا جب کہ تیسرا مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں الیکشن شیڈول ہیں۔
اتوار کے روز الیکشن کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 8 نشستوں اور 12 مہاجرین کی نشستوں پر مجموعی طور پر 300 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ مہاجر نشستوں میں 7 پنجاب جب کہ باقی نشستیں خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تقسیم ہیں۔
مسلم لیگ ن کے شرپسند عناصر کی جانب سے آزاد کشمیر میں وقار اور اصول پسندی کی سیاست کی علامت، صدرِ ریاستِ آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر حملہ قابل مذمت ہے، چوہدری لطیف اکبر پر حملے کے بعد انہی کے انتخابی حلقے ایل اے 31 میں میرے کارکن مشتاق شاہ کو شہید کردیا گیا، گولی، لاٹھی…
— Bilawal Bhutto Zardari (@BBhuttoZardari) August 2, 2026
انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے مختلف حلقوں میں مسلم لیگ ن پر انتخابی بے ضابطگیوں، تشدد اور دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) دوسرے مرحلے کے انتخابات میں بھی عوام کا مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے صدر اور حلقہ ایل اے 31 کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کیا گیا، جب
کہ اسی حلقے میں پارٹی کارکن مشتاق شاہ جاں بحق ہوئے۔
ایل اے 25 نیلم ویلی 1: تمام 143 پولنگ اسٹیشن کے غیرسرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے شاہ غلام قادر 18925 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلزپارٹی کے میاں عبدالوحید 13596 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 26 نیلم ویلی 2: 135 پولنگ اسٹیشن میں سے 26 کے غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے میاں عبدالوحید 3762 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر اور ن ليگ کے شاہ غلام قادر 3296 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 29 مظفرآباد 3 سے پیپلزپارٹی کے سردار مختار خان 19 ہزار792 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ مسلم ليگ (ن) کے بیرسٹر افتخار علی گیلانی 16 ہزار 413 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔
ایل اے 30 مظفرآباد 4: تمام 129 پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری و غیرحتمی نتیجے کے مطابق مسلم ليگ(ن) کے مصطفیٰ بشیر عباسی 17749 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے مبشر منیراعوان 11947 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
حلقہ ایل اے 32 مظفر آباد 6 : تمام 163 پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری اورغیرحتمی نتیجے کے مطابق مسلم ليگ ن کے راجہ محمد فاروق حیدر 21156 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، پیپلزپارٹی کے صاحبزادہ محمداشفاق ظفر 19010 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
حلقہ ایل اے 33 مظفر آباد 7 : تمام 155 پولنگ اسٹیشن کےغیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے دیوان علی خان قمر چغتائی 25469 ووٹ لےکر کامیاب قرار پائے جبکہ پاکستان مسلم ليگ ن کے میاں محمد رشید 21175 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
حلقہ ایل اے 34 جموں 1 : تمام 131 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم ليگ ن کے ناصر حسین ڈار 5682 ووٹ لے کر کامیاب قرار جبکہ آزاد امیدوار راجہ ریاض احمد 2124 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 35 جموں 2: تمام پولنگ اسٹیشن کے غیرسرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق ن لیگی امیدوار چوہدری محمد اسماعیل 24318 ووٹ لے کر کامیاب قرارپائے، آزاد امیدوار سردار محمد غیاث 5965 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے عبدالقدیر گجر نے2757 ووٹ لئے تیسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 36 جموں 3: تمام پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم ليگ(ن) کے محمد احسن رضا 27218 ووٹ لے کر پہلے نمبر رہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے احسن اسماعیل 12980 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ پاکستان مسلم لیگ آزاد جموں کشمیر کے غضنفر علی 1124ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 37 جموں 4: تمام 185 پولنگ اسٹیشنز کےغیرسرکاری و غیر حتمی نتیجے کے تحت مسلم ليگ(ن) کی مریم جاوید 28664 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جبکہ جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے عثمان علیم 22827 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 38 جموں 5 : تمام 115 پولنگ اسٹیشن کے غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کے ذیشان علی 13,652 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ آزاد جموں و کشمیر کے چوہدری اکبرابراہیم نے 9,523 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 39 جموں 6: 157 پولنگ اسٹیشن میں سے 32 کے غیرسرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم ليگ(ن) کے راجہ محمد صدیق 2328 ووٹ لے کر پہلے اور پیپلزپارٹی کے چوہدری فخر زمان 650 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 40 کشمیر ویلی 1: تمام 47 پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری، غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے عامر عبدالغفار 2914 ووٹ لے کر کامیاب قرارپائےجبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے محمد سلیم بٹ 136 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 41 کشمیر ویلی 2: تمام 19 پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم ليگ(ن) کے محمد عامر شاہ 1804 ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے جبکہ آزاد امیدوار صباء دیوان نے 588 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پررہے۔
ایل اے 42 کشمیر ویلی 3: تمام 43 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم ليگ(ن) کے سید شوکت علی شاہ 1524 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد عاصم شریف 466 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 43 ویلی 4: تمام پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے یاسین لون 1276 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے جاوید بٹ نے 663 ووٹ جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے حمزہ مجید بزمی نے 370 ووٹ حاصل کیے۔
ایل اے 44 ویلی 5: تمام پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون کے احمد رضا قادری 2308 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، مسلم کانفرنس کی مہر النساء نے 740 ووٹ حاصل کیے جبکہ پیپلز پارٹی کے راشد اسلام بٹ 502 ووٹ حاصل کر سکے، جماعت اسلامی کے حنیف منظور ڈار نے 392 ووٹ حاصل لیے۔
ایل اے 45 کشمیر ویلی 6: تمام 41 پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی عبدالماجد خان 3448 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے خواجہ محمد دلاور 823 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
