اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ متبادل سرمایہ کاری ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز کے قیام اور سرمایہ کاری کے نئے ذرائع کو فروغ دینے پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز کے قیام کے لیے جلد از جلد جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے، جبکہ پبلک ایکویٹی مارکیٹ اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز کے فروغ کے لیے بھی ایک جامع روڈ میپ تیار کیا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز سرمایہ کاری میں اضافے، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معدنیات، زراعت، توانائی اور آئی ٹی کے شعبے پاکستان کی معاشی ترقی کے بنیادی محرک بن سکتے ہیں، جبکہ متبادل سرمایہ کاری ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی اپنی سیاست بچانے کی کوشش کر رہی ہے، عظمیٰ بخاری
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی قیادت میں صنعت، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے تاکہ پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
