مظفرآباد، آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے ایل اے 36 جموں 3 سمیت مہاجرین کی پانچ نشستوں کے سرکاری نتائج کا اعلان کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے پانچ میں سے چار نشستیں اپنے نام کر لیں، جبکہ ایک نشست پاکستان پیپلز پارٹی کے حصے میں آئی۔
ایل اے 36 جموں 3 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد احسن رضا 27 ہزار 218 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے احسن اسماعیل 12 ہزار 980 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق مہاجرین کی کشمیر ویلی کی نشستوں میں ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد عامر شاہ ایک ہزار 804 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
ایل اے 42 کشمیر ویلی 3 سے مسلم لیگ (ن) کے سید شوکت علی شاہ ایک ہزار 524 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے۔
اسی طرح ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد یاسین لون ایک ہزار 276 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ ایل اے 44 کشمیر ویلی 5 سے مسلم لیگ (ن) کے احمد رضا قادری 2 ہزار 308 ووٹ حاصل کرکے فاتح قرار پائے۔
آزاد کشمیر انتخابات پرامن رہے، دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں، رانا ثناء اللہ کا بلاول کو بھی مشورہ
دوسری جانب ایل اے 45 کشمیر ویلی 6 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالماجد خان 3 ہزار 448 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کے لیے صبح 8 سے شام 5 بجے تک کا وقت مقرر کیا تھا۔
مظفر آباد ڈویژن کی 8 نشستوں پر پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ توسیع کی گئی تھی، جس کے بعد ووٹرز شام 6 بجےتک ووٹ کاسٹ کرتے رہے۔
آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج 21 نشستوں پر پولنگ شیڈول تھی، جس میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 جب کہ مہاجرین کی 12 نشستیں شامل تھیں تاہم الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد میں پولنگ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ایل اے 27 میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد سڑکیں بند تھیں جس کے نتیجے میں انتخابی عملہ اور انتخابی سامان بروقت نہ پہنچ سکا، اس حلقے میں پولنگ اب 4 اگست کو ہوگی۔
