اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے تاہم یہ کامیابی مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں دوسرے مرحلے کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ ن نے نمایاں کامیابی حاصل کی، جو عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ عوام نے تعمیر و ترقی کی سیاست کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام ہی فیصلہ کرتے ہیں کہ ووٹ کس جماعت کو دینا ہے، اس لیے سیاسی جماعتوں کو عوامی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔
عطا اللہ تارڑ نے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر الزامات کے ساتھ شواہد بھی پیش کیے جاتے تو بہتر ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح ن لیگ نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دی تھی، اسی جذبے کے تحت پیپلز پارٹی کو بھی آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج کھلے دل سے تسلیم کرنے چاہیئیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاست میں رواداری، برداشت اور جمہوری اقدار کو فروغ دینا ضروری ہے، ن لیگ نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کو ترجیح دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی اپنی سیاست بچانے کی کوشش کر رہی ہے، عظمیٰ بخاری
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں اچھی انتخابی مہم چلائی تھی، اسی لیے وہاں بہتر نتائج حاصل کیے، اور اب بھی اسے انتخابی نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔
