کراچی: سندھ حکومت نے نوجوانوں کے لیے سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جبکہ منصوبے کا باقاعدہ افتتاح پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کریں گے۔
صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سردار محمد بخش خان مہر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پہلے مرحلے میں سندھ کے 30 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 15 سے 29 سال عمر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو سندھ یوتھ کارڈ جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یوتھ کارڈ رکھنے والے نوجوانوں کو جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے لیے تعلیمی اسکالرشپس، بلاسود قرضے، مالی معاونت اور دیگر سرکاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ سندھ یوتھ کارڈ کے لیے رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر آن لائن اور انتہائی آسان رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کا آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنے کا اعلان
انہوں نے واضح کیا کہ سندھ یوتھ کارڈ صرف ان نوجوانوں کو جاری کیا جائے گا جن کے پاس سندھ کا ڈومیسائل موجود ہو گا۔
