مظفر آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما نیئر حسین بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جبر کے ذریعے آزاد کشمیر میں حکومت نہیں چلائی جا سکتی اور ان کی جماعت ایسے نتائج کو ہرگز تسلیم نہیں کرے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر میں عوامی رائے پیپلز پارٹی کے حق میں ہے، لیکن انتخابی عمل کے دوران بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولنگ افسران ایسے بیلٹ پیپرز شمار نہ کریں جن پر باقاعدہ مہر موجود نہ ہو، کیونکہ ان کی جماعت کسی بھی قسم کی دھونس یا جبر کو قبول نہیں کرے گی۔
دوسری جانب قائم مقام صدر آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما چوہدری لطیف اکبر نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر انتخابات شفاف انداز میں ہوں تو مسلم لیگ ن کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے انتخابی نتائج پر اعتراضات سامنے آنے کے بعد آزاد کشمیر کے انتخابی عمل پر سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات پرامن رہے، دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں، رانا ثناء اللہ کا بلاول کو بھی مشورہ
واضح رہے کہ آزاد جموں کشمیر کے حلقہ ایل اے 27 اور ایل اے 28 پر پولنگ خراب موسم، لینڈ سلائیڈنگ اور راستے بند ہونے کی وجہ سے ملتوی کر دیئے گئے۔ جہاں اب 4 اگست کو دوبارہ پولنگ ہو گی۔
