تہران: ایران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی منصوبہ بندی پر رضامندی کے دعوے کو مسترد کر دیا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق اپنی موجودہ پالیسی میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض غیر ملکی اور ایران مخالف ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا تھا کہ تہران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے ایک منصوبے پر متفق ہو گیا ہے، تاہم ایرانی ذرائع نے ان خبروں کو حقیقت کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
ذرائع نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز جیسے اہم اور اسٹریٹجک بحری راستے کے بارے میں ایران کا مؤقف پہلے کی طرح برقرار ہے اور اس حوالے سے کسی نئی پیش رفت یا پالیسی میں تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی خبریں ایران کی پالیسی کے بارے میں غلط تاثر پیدا کرنے کی کوشش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حملے روکنے کی کوئی درخواست نہیں کی، ایران نے ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کر دیا
واضح رہے کہ یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، کیونکہ دنیا کی تیل اور گیس کی بڑی ترسیل اسی اہم بحری گزرگاہ کے ذریعے انجام پاتی ہے۔
