نارووال: مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان مزمل ہاشمی نے ریٹرننگ آفیسر (آر او) آفس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ ن مبینہ طور پر انتخابی نتائج تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی ترجمان مزمل ہاشمی نے آر او آفس کے باہر احتجاج کے دوران مطالبہ کیا کہ کامیاب امیدوار کو اس کی کامیابی دی جائے اور نتائج میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کا عمل فوری طور پر روکا جائے۔
انہوں نے آر او اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ کسی سیاسی دباؤ میں آئے بغیر اپنی ذمہ داریاں غیر جانبداری سے انجام دیں۔
مزمل ہاشمی نے کہا کہ ریٹرننگ افسران ریاست کے ملازم ہیں، کسی سیاسی جماعت کے نہیں۔ اس لیے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے شفاف انداز میں نتائج مرتب کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مسترد شدہ ووٹوں کو کسی امیدوار کے حق میں شامل کرنے، انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں اور مبینہ طور پر غیر قانونی کاپیاں استعمال کرنے سے متعلق شواہد موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کا آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنے کا اعلان
مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان نے کہا کہ آر او آفس میں نتائج تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جائے گا اور مطالبہ کیا کہ انتخابی نتائج شفاف انداز میں جاری کیے جائیں تاکہ عوام کے فیصلے کا احترام یقینی بنایا جا سکے۔
