ہنگو: خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے ماسٹرمائنڈ کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق مشترکہ آپریشن ہنگو کے چھپری نریاب علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت کی خفیہ اطلاعات پر کیا گیا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے مبینہ مرکزی منصوبہ ساز کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور امن و امان کو سبوتاژ کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
واضح رہے کہ 29 جولائی کو ہنگو کے خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 28 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں خوارجی کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرأت کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی دبئی سے اسلام آباد پرواز میں مسافروں کی ہنگامہ آرائی، سات افراد گرفتار
محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں۔ اور فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خاتمے تک آپریشنز ناگزیر ہیں۔
