پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بحری سلامتی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے “ویسل مانیٹرنگ سسٹم (Vessel Monitoring System)” کی تنصیب کے تاریخی معاہدے پر دستخط کر دیے۔
اس سلسلے میں پروقار تقریب پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں سیکریٹری دفاع نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے نمائندوں، میری ٹائم شعبے سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام اور دیگر متعلقہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔

حکام کے مطابق “ویسل مانیٹرنگ سسٹم” منصوبہ پاکستان کے بحری نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور بحری سلامتی کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس نظام کے ذریعے سمندر میں موجود کشتیوں اور دیگر بحری جہازوں کی نگرانی بہتر انداز میں ممکن ہو سکے گی۔
منصوبے کے تحت ماہی گیروں کی حفاظت، سمندری حدود میں ان کی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی، میری ٹائم شعبے سے متعلق آگاہی میں اضافہ اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ جدید مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ سے پاکستان کے بحری مفادات، ساحلی حدود اور اہم سمندری وسائل کے تحفظ کو مزید تقویت ملے گی، جبکہ قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق سمندری نگرانی کا نظام مزید مضبوط ہوگا۔
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مؤثر اقدامات کے ذریعے بحری سلامتی، قومی سمندری مفادات کے تحفظ اور میری ٹائم شعبے کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔
پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں ، فیلڈ مارشل عاصم منیر
حکام کے مطابق اس معاہدے پر دستخط پاکستان کی اندرونی اور بیرونی بحری سلامتی کو مستحکم بنانے اور سمندری شعبے میں ترقیاتی اقدامات کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
