چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل اور آرمی چیف عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی بدلتے علاقائی و عالمی چیلنجز کے باوجود ہمیشہ مضبوط اور ثابت قدم رہی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 99 ویں سالگرہ کی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔
تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے ، چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شرکت کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کویتی وزیر خارجہ کی اہم ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے قیام کی 99 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی، انہوں نے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں پی ایل اے کی نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی منفرد، آزمودہ اور وقت کی کسوٹی پر پوری اترنے والی ہے، فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں، پاکستان اور چین علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے یادگاری تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل کا دلی شکریہ ادا کیا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی نمایاں خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔
چینی سفیر جیانگ زائی نے پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
