دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران بیرون ملک سے آنے والے سیاح خاندانوں کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کرتے ہوئے 18 سال سے کم عمر بچوں کی ٹورسٹ ویزا کی سرکاری فیس 15 جولائی سے 15 ستمبر تک معاف کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ سہولت صرف ان بچوں کو حاصل ہو گی جو اپنے والدین کے ساتھ سیاحتی مقصد کے لیے یو اے ای کا سفر کریں گے۔ جبکہ والدین اور بچوں کی ویزا درخواستیں ایک ساتھ جمع کرانا لازمی ہوں گی۔
یہ رعایت پہلے سے متحدہ عرب امارات میں مقیم افراد کے بچوں پر لاگو نہیں ہو گی۔ اگرچہ سرکاری ویزا فیس معاف ہو گی، تاہم ٹریول انشورنس، ویزا پروسیسنگ اور ٹریول ایجنسی کے سروس چارجز بدستور ادا کرنا ہوں گے، جو اوسطاً 120 درہم فی بچہ ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عام حالات میں بچوں کے ٹورسٹ ویزا پر تقریباً 250 سے 350 درہم خرچ آتا ہے، اس لیے دو بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے خاندان 500 سے 700 درہم تک کی بچت کر سکتے ہیں۔
یہ رعایت 30 اور 60 روزہ دونوں ٹورسٹ ویزا پر لاگو ہو گی، تاہم بعد ازاں ویزا میں توسیع کی صورت میں معمول کی فیس ادا کرنا ہو گی، کیونکہ فیس معافی صرف ابتدائی ویزا درخواست تک محدود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن کا پاکستان کیلئے براہِ راست پروازوں کا اعلان
ماہرین نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بچوں کی درخواست اپنی درخواست کے ساتھ جمع کرائیں اور ادائیگی سے قبل ٹریول ایجنسی کو اس خصوصی رعایت سے فائدہ اٹھانے کی خواہش سے ضرور آگاہ کریں۔
