شمالی وزیرستان اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ 12 خوارج ہلاک جبکہ میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم اگست 2026 کو سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔
آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہو گئے۔ شہید افسر کا تعلق ضلع میانوالی سے تھا۔ بیان کے مطابق میجر حافظ احسان الٰہی نے اگلے مورچوں سے اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں پر ہونے والے متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔
دوسری جانب نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، ہلاک دہشتگردوں کا تعلق بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تھا، مارے گئے دہشتگردوں میں خود کش حملہ آور بھی شامل تھا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ، گولہ بارود ضائع کر دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرست خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” وژن کے مطابق انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ بیان کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں ، فیلڈ مارشل عاصم منیر
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کے دفاع میں بہادر افسران اور جوانوں کی قربانیاں قوم کے حوصلے اور دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہید میجر حافظ احسان الٰہی کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ شمالی وزیرستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانا سیکیورٹی فورسز کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر حافظ احسان الٰہی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ میجر حافظ احسان الٰہی شہید نے فرض شناسی، جرات اور قیادت کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں پاکستان کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شہید میجر حافظ احسان الٰہی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید افسر نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائے اور بہادری سے لڑتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ میجر حافظ احسان الٰہی کی قربانی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میجر حافظ احسان الٰہی جیسے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی عظیم قربانی کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کارروائی میں سات دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی قربانیاں اور کامیاب کارروائیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی کے لیے ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
