پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق وفاقی وزیر اور قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھی ملک مختار اعوان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ 29 جولائی بروز بدھ صبح 9 بجے ملتان کی ابدالی مسجد میں ادا کی جائے گی، جس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کے علاوہ کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
ملک مختار اعوان کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی اور سینئر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ وہ پارٹی کے ابتدائی دور سے وابستہ رہے اور ملتان میں پیپلز پارٹی کو مضبوط سیاسی بنیاد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اپنی طویل سیاسی زندگی کے دوران وہ وفاقی وزیر سمیت مختلف اہم ذمہ داریوں پر بھی فائز رہے۔
ان کے انتقال کی خبر پر پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے افسوس اور رنج کا اظہار کیا۔
تعزیتی بیانات میں مرحوم کی سیاسی خدمات، جمہوریت کے لیے جدوجہد اور پارٹی سے وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی وفات سے ملکی سیاست ایک تجربہ کار اور مخلص رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔
ووٹ کی گنتی جو بھی ہو پیپلز پارٹی اکثریت سے جیت چکی،بلاول بھٹو
سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی جا رہی ہے۔
