ایران نے امریکا اور اسرائیل کو اہم انفرا اسٹرکچر پر حملوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ غلط اندازے لگا کر کی جانے والی کسی بھی کارروائی کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
ایران کی خاتم الانبیاء بریگیڈ کے اعلیٰ ترین کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکا اور اسرائیل کوخبردار کیا ہے کہ جارحیت کرکے بھاگنے کا دور ختم ہو چکا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے کرائے کے سپاہیوں کو اندازہ ہو گیا ہے کہ ان کے فوجی سامان میں کفن شامل ہونا لازم ہے۔
ایرانی خبرایجنسی تسنیم کے مطابق میجرجنرل عبداللہی نے کہا کہ ایرانی فوج کے پاس صلاحیت بھی ہے ،ارادہ بھی، جامع منصوبہ تیار ہے۔
ایران کا اردن میں متعدد امریکی جنگی طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ
دوسری جانب امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر تازہ حملوں کا حکم دے دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل ایران کی توانائی تنصیبات پر حملے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، یہ حملے ہفتے کے آخر تک کسی بھی وقت شروع ہو سکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کابینہ میٹنگ کےدوران میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایرانی انہیں اشتعال دلا رہے ہیں اور ان کا یہ اعتماد کمزور پڑتا جا رہا ہے کہ ایران سے ڈیل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ایرانی جھوٹ بولتے ہیں، اپنے وعدوں سے پھر جاتے ہیں اور غلط نمائندگی کرتے ہیں۔
پاسداران انقلاب کا عرب ممالک کے شہریوں کو امریکی اڈوں سے دور رہنے کا انتباہ
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو پورا مشرقِ وسطیٰ تباہ ہو چکا ہوتا، ایران پر سخت حملے کریں گے،ایک وقت آئے گا ایران خود کہے گا کہ اب ہم مزید برداشت نہیں کر سکتے۔ ایران کے پاس پیچھے ہٹنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہو گا۔
امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون نے ایران پر ممکنہ حملوں پر تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے فیصلے سے پہلے اہداف پر بات نہیں کریں گے، صدر کی ہدایات پر کسی بھی وقت کارروائی کیلئے تیار ہیں۔
