امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں امریکا کا ایف – 35 بی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔
امریکی میرین ائیرکرافٹ گروپ 11 کے مطابق ایک نشست والا ایف- 35 بی لڑاکا طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے کیلیفورنیا کے میرین کور ائیر اسٹیشن میں رن وے تک پہنچنے سے پہلے گر گیا۔
حکام کے مطابق پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کے دوران پیراشوٹ کے ذریعے طیارے سے چھلانگ لگا کر جان بچا لی، اسے معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں اور احتیاطی طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔
Marine Corps Fighter Jet F-35B (Lightning II) crashed in San Diego #F35B #STOVL pic.twitter.com/qbhgFDkPx1
— Straturka (@straturka) July 31, 2026
حادثے کے فوراً بعد امدادی اور فائر فائٹنگ ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور طیارے کے ملبے میں لگنے والی آگ کے ساتھ ساتھ اردگرد کی خشک گھاس میں بھڑکنے والی آگ پر بھی قابو پا لیا۔
ابتدائی طور پر حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم امریکی فوج نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ ایف-35 بی لائٹننگ II دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں میں شامل ہے، جو مختصر رن وے سے اڑان بھرنے اور عمودی انداز میں لینڈنگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس طیارے کی قیمت تقریباً 102 ملین امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے، 50 فٹ لمبے اس طیارے کو امریکی میرین کور کے علاوہ برطانیہ اور اٹلی کی مسلح افواج بھی استعمال کرتی ہیں۔
