لندن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے خلاف سخت کارروائی سے متعلق انتباہ کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 6 فیصد سے زائد کا نمایاں اضافہ ہو گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی معیار برینٹ کروڈ کی قیمت میں 6.6 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 89.61 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) 6.4 فیصد اضافے کے ساتھ 84.31 ڈالر فی بیرل پر جا پہنچا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک انٹرویو میں ایران کو سخت جواب دینے کا عندیہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم انہیں سخت نشانہ بنائیں گے اور انہیں بھرپور جواب ملے گا۔”
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب رپورٹس کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
اطلاعات کے مطابق اردن میں واقع ایک امریکی فوجی اڈہ بھی ہدف تھا، تاہم امریکی سینٹرل کمان (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا کہ تمام میزائل کامیابی سے تباہ کر دیئے گئے اور کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
امریکی سینٹرل کمان کے مطابق حالیہ کارروائیاں گزشتہ تین روز کے دوران ایران نواز گروپوں کی جانب سے کیے گئے 30 سے زائد ڈرون حملوں کے تناظر میں کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب برطانیہ کے یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بحیرہ احمر کے جنوبی حصے میں ایک آئل ٹینکر کے قریب مشتبہ سرگرمی کی اطلاع دی ہے۔
ادارے کے مطابق جہاز کے کپتان نے سفر کے دوران دھماکے کی آواز سننے کی اطلاع دی، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خریداروں کیلئے اہم خبر ، ایرانی ریال کی قیمت میں بڑی کمی
توانائی ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر میں سیکیورٹی خدشات، نیز عالمی مالیاتی پالیسی سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے خام تیل کی قیمتوں میں تیزی کو مزید تقویت دی ہے، جبکہ سرمایہ کار خطے کی بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
