اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی حکومتی خدمات میں انقلاب لائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی مربوط ڈیجیٹل پالیسی فریم ورک پر عملدرآمد پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی اداروں میں ڈیجیٹل گورننس، مرکزی ڈیٹا مینجمنٹ اور جدید شہری سہولیات کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی اداروں کو نئے قومی مرکزی ڈیٹا سینٹر اسکائی 47 کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ سرکاری اداروں کا ڈیٹا محفوظ، مربوط اور مؤثر انداز میں منظم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اداروں کے ڈیٹا کو یکجا کرنے سے قومی وسائل کی بچت ہو گی اور مختلف اداروں کی جانب سے الگ الگ ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کی ضرورت بھی ختم ہو جائے گی، جس سے حکومتی اخراجات میں کمی اور انتظامی امور میں بہتری آئے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی حکومتی خدمات اور شہری سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے انقلابی کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ قومی ڈیجیٹل ویژن ایک مربوط اور جدید معاشرے کی تشکیل میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے ڈیجیٹل معیشت، ڈیجیٹل شہری سہولیات اور ڈیجیٹل گورننس کے شعبوں میں ہونے والی پیشرفت کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی ڈیجیٹل پالیسی عالمی شراکت داری کو فروغ دینے اور بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی نمائندگی مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پہلی بار 4 سالہ حج پالیسی کا اعلان
وزیر اعظم نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی مشاورت کے ذریعے قومی ڈیجیٹل ویژن پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اداروں کی کارکردگی، شفافیت اور فیصلہ سازی کا نظام عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے گا۔
