راولپنڈی پولیس نے حنا جاوید قتل کیس کی تفتیش تقریباً تین ماہ میں مکمل کرکے چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے، جس میں گھریلو ملازم ذیشان کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے، جبکہ مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور سسر علی اصغر کو چالان کے خانہ نمبر دو میں رکھا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ اور مقتولہ کی لاش سے حاصل کیے گئے 17 نمونوں کا ڈی این اے ذیشان سے میچ ہوا تاہم مقتولہ کے اہلِ خانہ پولیس کی تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں اور کیس کے مختلف پہلوؤں پر سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔
20 اگست 2026 کو راولپنڈی کے علاقے میں 45 سالہ حنا جاوید کو ان کے گھر میں قتل کردیا گیا تھا، مقتولہ کی لاش گھر کے واش روم سے ملی تھی۔ واقعے کے بعد تھانہ سول لائنز پولیس نے مقتولہ کے بھائی فہد جاوید کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی تھیں، مقدمے میں مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر، سسر علی اصغر اور گھریلو ملازم ذیشان کو نامزد کیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران جائے وقوعہ اور حنا جاوید کی لاش سے مجموعی طور پر 17 نمونے حاصل کیے گئے، جن کا ڈی این اے گھریلو ملازم ذیشان سے میچ ہوا، مقتولہ کے ناخنوں سے حاصل کیے گئے نمونے میں بھی ذیشان کا ڈی این اے پایا گیا۔
اسی طرح مبینہ جنسی زیادتی کے پہلو سے ہونے والی تحقیقات کے دوران مقتولہ کی لاش سے حاصل کیے گئے، اسپرم کے نمونے کا ڈی این اے بھی ذیشان سے مطابقت رکھتا تھا، پولیس نے ان فرانزک نتائج کو اپنی تفتیش کی بنیاد بناتے ہوئے ذیشان کو مرکزی ملزم قرار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور سسر علی اصغر کے خلاف ایسے اہم شواہد سامنے نہیں آئے جن کی بنیاد پر انہیں مرکزی ملزم قرار دیا جاسکے، جس کے بعد دونوں کو چالان کے خانہ نمبر دو میں رکھا گیا ہے۔ تاہم پولیس نے دونوں کو باقاعدہ طور پر بے گناہ قرار نہیں دیا اور ان کے کردار سے متعلق حتمی فیصلہ عدالت کرے گی۔
قانونی طور پر خانہ نمبر دو میں نام شامل ہونے کا مطلب یہ ہے کہ تفتیشی افسر کی رائے میں ان افراد کے خلاف فی الحال مقدمہ چلانے کے لیے کافی مواد موجود نہیں تاہم عدالت دستیاب شواہد کی روشنی میں مزید فیصلہ کرسکتی ہے۔
ذیشان کے موبائل فون سے حنا جاوید کی تصاویر بھی برآمد
پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران گھریلو ملازم ذیشان کے موبائل فون سے حنا جاوید کی تصاویر بھی حاصل ہوئیں، جنہیں چالان کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پولیس نے تمام ملزمان کے موبائل فونز کا کال ڈیٹا ریکارڈ، فرانزک رپورٹس، ڈی این اے ٹیسٹ کے نتائج اور دیگر تکنیکی شواہد بھی عدالت میں پیش کیے ہیں، چالان کے ساتھ مقتولہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور لاش کے ابتدائی معائنے کی تفصیلات بھی منسلک کی گئی ہیں۔
واقعے کے بعد سامنے آنے والی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات اور مختلف ہڈیوں پر چوٹوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ ابتدائی میڈیکل معائنے میں گردن کی ہڈی ٹوٹنے اور جسم کے دیگر حصوں پر زخموں کا ذکر بھی سامنے آیا تھا۔ تفتیش کے دوران قتل کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کے پہلو کو بھی شاملِ تفتیش رکھا گیا اور اس سلسلے میں فرانزک نمونے حاصل کیے گئے۔
پولیس تفتیش پر اہلِ خانہ کا عدم اعتماد
دوسری جانب حنا جاوید کے اہلِ خانہ پولیس کی تفتیش پر پہلے ہی عدم اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں۔ مقتولہ کے بھائی فہد جاوید سمیت دیگر اہلِ خانہ نے تحقیقات کے مختلف پہلوؤں پر اعتراضات اٹھائے اور مقدمے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
اہلِ خانہ کی جانب سے شواہد کے تحفظ، تفتیش کی سمت اور نامزد ملزمان کے کردار کا غیر جانب دارانہ جائزہ لینے کے حوالے سے بھی تحفظات ظاہر کیے گئے تھے۔
کیس کے حوالے سے سامنے آنے والے تحفظات کے بعد پنجاب پولیس کی جانب سے سینئر پولیس افسر سہیل ظفر چٹھہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی کو مقدمے کی ابتدائی تفتیش، فرانزک شواہد اور ملزمان کے ممکنہ کردار کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، کمیٹی نے مقتولہ کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کی تھی تاہم اہلِ خانہ کی جانب سے تحقیقات کے حوالے سے تحفظات برقرار رہے۔
مقدمے کی تفتیش اور چالان جمع کرانے میں تاخیر کا معاملہ بھی زیر بحث رہا، ڈسٹرکٹ پراسیکیوشن برانچ کی جانب سے پولیس سے چالان جمع نہ کرانے پر وضاحت طلب کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔ بعد ازاں راولپنڈی کے نئے تعینات ہونے والے سی پی او سردار غیاث گل نے صحافیوں سے تعارفی ملاقات کے دوران بتایا کہ تھانہ سول لائنز پولیس نے مقدمے کی تفتیش مکمل کرلی ہے اور ان کی ہدایت پر چالان عدالت میں جمع کرا دیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے چالان جمع کرائے جانے کے بعد مقدمہ اب عدالتی کارروائی کے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، استغاثہ کو عدالت میں فرانزک رپورٹس، ڈی این اے شواہد، موبائل فون ڈیٹا، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر دستاویزی شواہد کی بنیاد پر اپنا مقدمہ ثابت کرنا ہوگا، دوسری جانب ملزمان کو بھی اپنے دفاع کا قانونی حق حاصل ہوگا۔



