پاکستان میں دل کی بیماریوں کے اسباب اور بچاؤ سے متعلق پہلی بڑی تحقیق ”پاک صحت“ کے ابتدائی نتائج کے مطابق بظاہر صحت مند اور بغیر کسی علامت کے پاکستانیوں کی بڑی تعداد دل کے امراض کے سنگین خطرات سے دوچار ہے۔
تحقیق کے نتائج ہفتے کو اسلام آباد میں 55 ویں کارڈیو کون کانفرنس میں پیش کیے گئے۔ تحقیق میں شامل 2 ہزار افراد میں سے 78 فیصد موٹاپے، 33 فیصد ہائی بلڈ پریشر اور 22 فیصد ذیابیطس میں مبتلا پائے گئے، جبکہ 23 فیصد ذیابیطس سے پہلے کی کیفیت کا شکار تھے۔ موٹاپا 81 فیصد خواتین اور 74 فیصد مردوں میں پایا گیا، جس کا تعین ایشیائی آبادی کیلیے مقررہ بی ایم آئی کی حد 25 کے مطابق کیا گیا۔
تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر بشیر حنیف نے بتایا کہ 26 فیصد افراد کی شریانوں میں کیلشیم پایا گیا، جو دل کی بیماری کے خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔ 68 فیصد میں اچھے کولیسٹرول (ایچ ڈی ایل) کی مقدار کم تھی، جبکہ 32 فیصد میں کم عمری میں دل کی شریانوں کی بیماری موجود تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے تشویشناک پہلو یہ تھا کہ تحقیق میں شامل افراد بظاہر صحت مند دکھائی دیتے تھے، تاہم جدید تشخیصی ٹیسٹوں سے ان میں صحت کے پوشیدہ خطرات سامنے آئے۔
تحقیق میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے 8 مراکز سے 35 سے 60 سال کے مرد اور 35 سے 65 سال کی خواتین شامل تھے، تحقیق میں شامل افراد کے خون کے ٹیسٹ، گردن کی شریانوں کا الٹراساؤنڈ اور انجیوگرافی کیا جائے گا، آئندہ پانچ سال تک ان کی صحت کا جائزہ لیا جائے گا۔
تحقیق کے شریک سربراہ اور امریکا کے ہیوسٹن میتھوڈسٹ اسپتال سے وابستہ ڈاکٹر خرم ناصر نے کہا کہ عالمی سطح پر ہونے والی طبی تحقیقات میں جنوبی ایشیائی آبادی کو خاطر خواہ نمائندگی نہیں مل سکی۔ ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ 35 سال یا اس سے زائد عمر کے مردوں کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی آبادی میں دل کی بیماریاں دیگر آبادیوں کے مقابلے میں تقریباً 10 سے 15 سال کم عمر میں شروع ہوتی دکھائی دیتی ہیں۔
گیٹز فارما کے شعبہ صحت عامہ کے سربراہ کاشف امین نے کہا کہ پاکستان میں دل کی بیماریاں خاموشی سے انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہیں، جبکہ بچاؤ کی رہنما ہدایات اور خطرات جانچنے کے ماڈلز اب تک مغربی ممالک کے ڈیٹا پر مبنی رہے ہیں، اس لیے حکمت عملی پاکستان کے اپنے طبی ڈیٹا اور مقامی آبادی کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی جائے۔



