صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا سے متعلق 5 آرڈیننس کے علاوہ نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی (ترمیمی) بل 2026 سمیت 12 بلوں کی منظوری دے دی ہے۔
صدرِ مملکت نے جو بارہ بل منظور کئے ہیں ان میں نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی (ترمیمی) بل، آرکائیول میٹیریل (تحفظ اور برآمدات پر کنٹرول) (ترمیمی) بل ، پاکستان اسٹڈی سینٹرز (ترمیمی) بل اور ایریا آف اسٹڈی سینٹرز (ترمیمی) بل 2026 شامل ہے۔
آصف علی زرداری نے سینٹرز آف ایکسی لینس (ترمیمی) بل، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ترمیمی) بل، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ترمیمی) بل اور نیشنل کالج آف آرٹس انسٹی ٹیوٹ (ترمیمی) بل 2026 کی بھی منظوری دی۔
اس کے علاوہ منظور کیے گئے بلوں میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی (ترمیمی) بل، این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان (ترمیمی) بل، پاکستان کونسل فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (ترمیمی) بل اور پاکستان ٹورسٹ گائیڈز (ترمیمی) بل 2026 بھی شامل ہے۔
خیبرپختونخوا میں قانون سازی سے متعلق 5 نئے آرڈیننسز بھی منظور
صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا میں قانون سازی سے متعلق 5 نئے آرڈیننسز کی منظوری دے دی ،جس کے بعد تمام آرڈیننس نافذ ہو گئے ہیں۔
منظور کیے گئے آرڈیننسز میں خیبر پختونخوا اسپیشل انیشیٹوز آرڈیننس 2026 شامل ہے جو مخصوص اضلاع اور دیگر اضلاع کے لیے الگ الگ منظور کیا گیا۔
صدر مملکت نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اختیارات، استثنیٰ اور مراعات سے متعلق ترمیمی آرڈیننس کی بھی منظوری دی۔
President @AsifAliZardari has given assent to twelve bills.
@PresOfPakistan @GovtofPakistan
#News #RadioPakistan #Bills
https://t.co/0NmT00jAbk https://t.co/PX7N4MwkST— Radio Pakistan (@RadioPakistan) November 21, 2026
خیبر پختونخوا سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی آرڈیننس 2026 ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات سے متعلق آرڈیننس کی بھی منظوری دے دی۔
واضح رہے کہ صدر مملکت کی جانب سے منظور کیے گئے 12 بل اکتوبر میں پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ہونے والی قانون سازی کا حصہ ہیں۔ قومی اسمبلی کا 30واں اجلاس 13 اکتوبر سے 30 اکتوبر 2026 تک جاری رہا، جس میں مجموعی طور پر 24 بل منظور کیے گئے۔ ان میں 17 حکومتی اور 7 نجی ارکان کے بل شامل تھے۔
منظور شدہ بلوں میں ہائر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل 2026 خصوصی اہمیت رکھتا ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن ملک میں اعلیٰ تعلیم کے معیار، جامعات کی نگرانی، تحقیق کے فروغ اور تعلیمی پالیسیوں کے نفاذ میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے قانونی ڈھانچے میں ترامیم کا تعلق ملک کے اعلیٰ تعلیمی نظام کی انتظامی اور قانونی ضروریات سے ہے۔
اسی طرح فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل کے ذریعے وفاقی تعلیمی بورڈ کے قانونی ڈھانچے میں تبدیلی کی گئی ہے۔ یہ بورڈ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات اور تعلیمی اسناد کے معاملات دیکھتا ہے۔
نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی، نیشنل کالج آف آرٹس انسٹی ٹیوٹ اور این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان سے متعلق ترمیمی بل بھی منظور کیے گئے ہیں۔ ان اداروں کا تعلق بالترتیب ٹیکسٹائل کی تعلیم، فنون لطیفہ اور انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کی تعلیم سے ہے۔
پاکستان اسٹڈی سینٹرز، ایریا اسٹڈی سینٹرز اور سینٹرز آف ایکسی لینس سے متعلق ترامیم بھی اس قانون سازی کا حصہ ہیں۔ یہ ادارے پاکستان کی تاریخ، علاقائی مطالعات، سماجی و سیاسی موضوعات اور اعلیٰ تحقیقی سرگرمیوں میں کردار ادا کرتے ہیں۔
نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی ترمیمی بل بھی صدر مملکت نے منظور کیا ہے۔ اس اتھارٹی کا بنیادی تعلق سیرت النبی ﷺ، اسلامی تعلیمات اور رحمت للعالمین کے پیغام کے فروغ سے ہے۔
پاکستان ٹورسٹ گائیڈز ترمیمی بل کی منظوری سیاحت کے شعبے سے متعلق قانون سازی کا حصہ ہے۔ پاکستان میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تربیت یافتہ ٹورسٹ گائیڈز، پیشہ ورانہ معیار اور متعلقہ شعبے کے انتظامی امور اہم سمجھے جاتے ہیں۔



