اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 4 سالہ حج پالیسی کا اعلان کر دیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج پالیسی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 4 سالہ پالیسی حج انتظامات میں بنیادی اور دیرپا بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے انتظامی امور مزید مؤثر اور منظم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار حج درخواستوں کے لیے رجسٹریشن اور ویٹنگ لسٹ کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت عازمین صرف 10 فیصد ابتدائی ادائیگی کے ساتھ حج درخواستوں کی فہرست میں شامل ہو سکیں گے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ سرکاری اور نجی حج اسکیم کا کوٹہ بدستور 60 اور 40 فیصد برقرار رہے گا، جبکہ نجی حج کمپنیوں کی رجسٹریشن اور نگرانی صرف کوٹے کی بنیاد پر نہیں بلکہ ان کی کارکردگی کو مدنظر رکھ کر کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق آئندہ حج پیکج کی متوقع لاگت 12 سے 13 لاکھ روپے کے درمیان ہو گی۔ جبکہ حج کوٹے میں اضافے یا کمی کا اختیار وفاقی کابینہ کے پاس ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: الیکشن کمیشن نے تمام 13 حلقوں کے نتائج جاری کر دیئے
انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور حج انتظامات کی نگرانی، ریگولیشن اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی تاکہ عازمین حج کو ہر مرحلے پر بہتر، محفوظ اور معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔
