ملک میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے جس کے باعث سونا آج مزید ہزاروں روپے سستا ہوگیا۔
یاد رہے 18 نومبر کو 13 ماہ بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ روپے سے بھی نیچے آگئی تھی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے پانچویں روز ایک تولہ سونا مزید 15ہزار400 روپے سستا ہوگیا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 3لاکھ 79ہزار836 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت مزید 13ہزار203 روپے کی کمی 3لاکھ 25ہزار648 روپے ہو گئی۔
واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں جن میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
کس ملک کے پاس کتنا سونا؟
ورلڈ گولڈ کونسل کی 2025 میں جاری کردہ رپورٹ کے مطابق امریکا سمیت 10 بڑے ممالک میں دنیا کے سب سے زیادہ سونے کے ذخائر موجود ہیں:
امریکا – 8,133 ٹن
امریکا کئی دہائیوں سے سونے کے ذخائر کے لحاظ سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ اس کا زیادہ تر سونا فورٹ ناکس اور نیویارک فیڈرل ریزرو میں محفوظ ہے۔ حالیہ برسوں میں وہاں کوئی بڑی خرید یا فروخت نہیں ہوئی، بلکہ ذخائر کو مستحکم رکھا گیا ہے۔
جرمنی – 3,352 ٹن
یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی نے اپنے زیادہ تر سونے کے ذخائر واپس ملک میں منتقل کر لیے ہیں۔ جرمنی میں سونا ایک محفوظ اور مضبوط اقتصادی پالیسی کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔
اٹلی – 2,452 ٹن
اٹلی کے پاس دوسری جنگِ عظیم کے بعد سے سونا موجود ہے جو مختلف شہروں میں محفوظ رکھا گیا ہے۔ معاشی دباؤ یا بحران کے وقت یہ ذخائر ملکی معیشت پر اعتماد بحال رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
فرانس – 2,437 ٹن
فرانس نے بھی اپنے سونے کے ذخائر کو زیادہ تر برقرار رکھا ہے۔ سونا فرانس کی کرنسی اور مالیاتی نظام کو عالمی سطح پر متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
روس – 2,327 ٹن
روس نے مغربی پابندیوں کے دوران سونا بڑی مقدار میں خریدا۔ روس کے لیے سونا مغربی مالیاتی نظام پر انحصار کم کرنے اور اپنی معیشت کو محفوظ بنانے کا ذریعہ بن چکا ہے۔
چین – 2,301 ٹن
چین مسلسل سونا خرید رہا ہے۔ گزشتہ برس صرف اگست میں اس نے مزید 2 ٹن سونا اپنے ذخائر میں شامل کیا۔ چین سونے کے ذخائر بڑھا کر اپنی کرنسی ”یوان“ کی عالمی حیثیت مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
سوئٹزرلینڈ – 1,040 ٹن
سوئٹزرلینڈ ایک چھوٹا مگر مالی طور پر مضبوط ملک ہے۔ اس کے محفوظ بینکنگ نظام کی وجہ سے یہ دنیا میں اعتماد کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
بھارت – 880 ٹن
بھارت نے بھی اپنے سونے کے ذخائر میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ تہواروں اور زیورات کی بڑھتی مانگ کے باعث بھارتی ریزرو بینک نے روپے کو سہارا دینے کے لیے سونا خریدا۔
جاپان – 846 ٹن
جاپان کے سونے کے ذخائر کئی دہائیوں سے تقریباً ایک جیسے ہیں۔ یہ ذخائر جاپانی ین کی قدر کو مستحکم رکھنے کے لیے بطور حفاظتی قدم رکھے جاتے ہیں۔
ترکیہ – 639 ٹن
ترکیہ نے حالیہ برسوں میں تیزی سے سونا خریدا ہے اور ٹاپ 10 ممالک کی فہرست میں جگہ بنائی ہے۔



