مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے میرپور ڈویژن کے انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کی تنظیم، کارکنوں، امیدواروں اور کوآرڈی نیٹرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی یہ کامیابی عوام کے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے میرپور کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بہادر عوام نے ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کے ایجنڈے کی حمایت کی ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرپور ڈویژن میں کامیابی پاکستان اور آزاد کشمیر کی ترقی کے سفر کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ترقی اور خدمت کی سیاست پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جسے مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
میر پور ڈویژن کے انتخابات میں شاندار کامیابی پر مسلم لیگ ن کی تنظیم، کارکنان، امیدواران، کوآرڈینیٹرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔ مسلم لیگ ن کی یہ کامیابی عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
میں میرپور کے بہادر عوام کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ترقی، خوشحالی اور خدمت کے ایجنڈے پر مہر…
— Nawaz Sharif (@NawazSharifMNS) July 28, 2026
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرپور ڈویژن کے عوام نے ترقی، خوشحالی اور بہتر مستقبل کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر، میرپور اور کوٹلی کے عوام کو مبارکباد پیش کرتی ہوں جنہوں نے بہترین فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے شیر کے نشان پر نہیں بلکہ اپنے بچوں کے مستقبل، ترقی اور خوشحالی کے حق میں مہر لگائی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو میرپور ڈویژن میں 13 میں سے 9 اہم نشستوں پر کامیابی ملی جو عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، پارٹی کارکنوں، رانا ثناء اللہ، امیر مقام اور تمام انتخابی مہم چلانے والوں کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جو وعدے کیے عوام نے ان پر اعتماد کیا کیونکہ کشمیری عوام جانتے ہیں کہ نواز شریف اپنے وعدے پورے کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی سرپرستی اور محنت کو بھی عوام نے سراہا ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے انتخابی نتائج پر اعتراضات کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ افسوس ہے کہ نتائج کو فراخدلی اور جمہوری رویے کے مطابق تسلیم نہیں کیا گیا، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو سمجھنا چاہیے کہ انتخابات کا فیصلہ ریاست نہیں بلکہ عوام کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گلگت بلتستان میں جب عوام نے پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ دیا تو مسلم لیگ (ن) نے اسے خوش دلی سے قبول کیا، وزیراعظم نے کامیابی پر مبارکباد بھی دی، لیکن میرپور میں شکست کے بعد دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
ووٹ کی گنتی جو بھی ہو پیپلز پارٹی اکثریت سے جیت چکی،بلاول بھٹو
مریم نواز نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو کامیابی کے لیے کارکردگی، واضح منشور اور مضبوط بیانیہ درکار ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے پاس نہ آزاد کشمیر کے لیے کوئی اصلاحاتی ایجنڈا تھا، نہ گورننس کا ریکارڈ اور نہ ہی عوام کو بتانے کے لیے کوئی نمایاں پروگرام۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کو مسلسل 17 سال حکومت کا موقع ملا، لیکن عوام آج بھی بنیادی سہولیات، بہتر سڑکوں، صحت اور امن و امان کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبے اور سہولیات سخت محنت کا نتیجہ ہیں۔
