اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 28 جولائی سے 5 اگست تک ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے ایک طاقتور سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعدد شہروں میں موسلادھار بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک، اربن فلڈنگ اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور گردونواح میں مختلف اوقات میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے، جبکہ جنوبی پنجاب میں 31 جولائی سے 3 اگست کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، سوات، چترال، کوہستان اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں 28 جولائی سے 6 اگست تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ، ژوب، خضدار، سبی، گوادر اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سندھ میں 31 جولائی سے 20 اگست تک مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص، ٹھٹھہ اور دیگر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی پاسپورٹ دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار ، 101 ویں نمبر پر پہنچ گیا
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کئی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
