امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے مارکیٹ ویلیو کے لحاظ سے عارضی طور پر این ویڈیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کی سب سے بڑی کمپنی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ یہ پیش رفت این ویڈیا کے شیئرز میں کمی اور ایپل کے اسٹاک میں اضافے کے بعد سامنے آئی۔
رپورٹس کے مطابق این ویڈیا کے حصص میں تقریباً 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی بڑی وجہ کمپنی کی جانب سے اوپن اے آئی کے بڑے 10 گیگا واٹ اوہائیو ڈیٹا سینٹر منصوبے کے لیے 250 ارب ڈالر کی مالی ضمانت کا اعلان بتایا جا رہا ہے۔
عالمی خبر ایجنسی کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی مارکیٹ ویلیو 5 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد وہ دنیا کی دوسری کمپنی بن گئی ہے جس نے یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔
Apple $AAPL becomes second ever company to pass $5 trillion market caphttps://t.co/lJZ9kIE4mG pic.twitter.com/0pr8I569QZ
— Investing.com News (@newsinvesting) July 28, 2026
اس سے قبل مصنوعی ذہانت (اے آئی) چِپ بنانے والی کمپنی این ویڈیا اکتوبر 2025 میں 5 ٹریلین ڈالر مارکیٹ ویلیو تک پہنچنے والی دنیا کی پہلی کمپنی بنی تھی۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق این ویڈیا کی موجودہ مارکیٹ ویلیو تقریباً 4.70 ٹریلین ڈالر ہے، جس کے بعد ایپل نے عارضی طور پر اسے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
دوسری جانب سرمایہ کاروں نے بڑی ٹیک کمپنیوں کو نسبتاً محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہوئے ایپل کے حصص میں دلچسپی ظاہر کی، جس کے باعث ایپل کے اسٹاک میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا۔
ماہرین کے مطابق ایپل کے لیے اس پوزیشن کو برقرار رکھنا آسان نہیں ہوگا، کیونکہ میموری چپس کی بڑھتی قیمتیں اور آئی فون کی طلب میں کمی کمپنی کی آمدنی پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔ اگر آئی فون 18 صارفین کی توقعات پر پورا نہ اتر سکا تو ایپل کو مزید چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب این ویڈیا کے حصص میں کمی کی وجہ سرمایہ کاروں کی جانب سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) انفراسٹرکچر پر بڑھتے اخراجات اور اس سرمایہ کاری سے فوری منافع کے امکانات پر خدشات کو قرار دیا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2026 میں اب تک این ویڈیا کے شیئرز میں تقریباً 7 فیصد جبکہ ایپل کے حصص میں تقریباً 22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ویوو نے اسنیپ ڈریگن 8 جنریشن 5 اور زائس کیمروں سے لیس X300 E متعارف کرا دیا
ایپل کو یہ فائدہ بھی حاصل ہے کہ کمپنی مصنوعی ذہانت کے لیے بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر سرمایہ کاری سے گریز کر رہی ہے، جس سے سرمایہ کاروں کے خدشات نسبتاً کم ہیں تاہم کمپنی میں قیادت کی تبدیلی بھی متوقع ہے، جہاں جان ٹرنَس ستمبر 2026 میں بطور چیف ایگزیکٹو ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جس سے نئی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باوجود این ویڈیا کے گرافکس پروسیسرز دنیا بھر میں اے آئی ماڈلز کی تربیت کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہوتے ہیں جبکہ 250 ارب ڈالر کی رقم براہِ راست خرچ نہیں بلکہ مالی ضمانت کی صورت میں ہے۔
