کیلیفورنیا: ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے کانٹینٹ کریئیٹرز کی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے یوٹیوب شارٹس کے لیے کسٹم تھمب نیلز کا نیا فیچر متعارف کرا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نئے فیچر کے تحت یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شامل کریئیٹرز اب اپنی شارٹ ویڈیوز کے لیے اپنی پسند کی تصاویر بطور تھمب نیل اپ لوڈ کر سکیں گے۔
نئے فیچر کے بعد تخلیق کار اپنی مرضی کے مطابق زیادہ دلکش، پیشہ ورانہ اور برانڈ کے مطابق تھمب نیلز تیار کر سکیں گے، جس سے شارٹ ویڈیوز کی پیشکش بہتر ہونے اور ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
یوٹیوب کے مطابق کسٹم تھمب نیلز کا فیچر پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ مانگے جانے والے فیچرز میں شامل تھا، جسے اب ابتدائی مرحلے میں یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے صارفین کے لیے فعال کیا جا رہا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس سہولت کو مزید کریئیٹرز تک بھی توسیع دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین اپنی ویڈیوز کو بہتر انداز میں پیش کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیس بک صارفین کیلئے خوشخبری، میٹا کا مفت بلیو ٹک پروگرام متعارف
اس سے قبل یوٹیوب شارٹس میں صارفین کو صرف ویڈیو کے کسی ایک فریم کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کرنے کی سہولت حاصل تھی، جس کی وجہ سے کریئیٹرز کے لیے منفرد انداز اور برانڈنگ برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا تھا۔
