سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنا لیے۔ مہمان ٹیم کو پاکستان کی پہلی اننگز پر 82 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔
سری لنکا نے پہلی اننگز میں 98 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 325 رنز اسکور کیے تھے، سری لنکا کی پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین تین کھلاڑیوں جبکہ ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جمعرات کے روز سری لنکا کی دن کی پہلی اور مجموعی طور پر چوتھی وکٹ 99 کے مجموعی اسکور پر گری، دھننجایا ڈی سلوا 37 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر محمد طحہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کے اسکور میں مزید 35 رنز کا اضافہ ہوا تو پاسندو سوریا باندرا بھی ہمت ہار گئے، انہوں نے 116 گیندیں کھیل کر 38 رنز بنائے۔ ان کی وکٹ رضا اللہ کے حصے میں آئی۔
215 کے مجموعی اسکور پر کوشل مینڈس آؤٹ ہوئے، انہوں نے 53 رنز بنائے اور وہ سلمان آغا کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔سری لنکا کا اسکور 268 پر پہنچا تو اس کے ساتویں کھلاڑی سونال دینوشا 54 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر اذان اویس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کے اسکور میں مزید پانچ رنز کا اضافہ ہوا تھا پرابتھ جے سوریا ایک رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر طیب عارف کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔
299 کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کی نویں وکٹ بھی گر گئی، لاہیرو کمارا 5 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 3، محمد عباس اور رضا اللہ نے دو دو جبکہ ثاقب خان اور سلمان آغا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے نو وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنائے اور ملان رتھنائیکا 60 رنز اور اسیتھا فرنینڈو 2 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ سری لنکا کو پاکستان کی پہلی اننگز پر 82 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 325 رنز پر آؤٹ گئی تھی۔ بابر الیون کی جانب سے غازی غوری 54 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز ثابت ہوئے، اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 98 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
بدھ کو پاکستان ٹیم نے 121 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی اس کو نقصان اٹھانا پڑا اور اوپنر اذان اویس 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ چار کھلاڑیوں کے نقصان کے بعد سعود شکیل اور صادق خان نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ 178 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان ٹیم کی چھٹی وکٹ 193 رنز پر صادق خان کی گری جس کے بعد 219 کے اسکور پر اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سلمان علی آغا تھے۔
سات کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلے آنے والے کھلاڑیوں نے بھی ہمت نہ ہاری اور آخری تین وکٹوں پر پاکستان ٹیم نے 106 رنز اسکور کیے اور قومی ٹیم پہلی اننگز میں 325 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 95 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں جب کہ اسیتھا فرنینڈو نے تین جب کہ ملان رتھنایاکا اور پرابتھ جےسوریا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بدھ کو پاکستان کی پہلی اننگز کے خاتمے کے بعد سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز شروع کی تو اسے ابتدا میں ہی اس وقت خسارے کا سامنا کرنا پڑا جب لاہیرو ادارا فاسٹ بولر ثاقب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستانی فاسٹ بولنگ کے سامنے مہمان ٹیم کے بلے باز دباؤ میں دکھائی دیے اور نئے آنے والے بلے باز دنیش چندیمل بھی 10 کے مجموعی اسکور پر رضااللہ کی تیز گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کا اسکور 39 تک پہنچا تو کمندو مینڈس بھی پویلین لوٹ گئے، عامر جمال نے ان کی وکٹ لی ، بدھ کو کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنائے تھے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 153 رنز درکار تھے۔
تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر اب سری لنکا کو پاکستان کی پہلی اننگز پر 82 رنز کی برتری حاصل ہے اور اس کے نو کھلاڑی آؤٹ ہیں، پاکستان کو صرف ایک وکٹ کی ضرورت ہے، جس کے بعد پاکستان اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پوزیشن کافی مضبوط ہے اور وہ دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کی پوزیشن میں ہے۔



