سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں مقتولہ کے اہل خانہ نے ملزم احسن طاہر کو معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عدالت میں اس کے حق میں بیان جمع کرا دیا ہے۔
ربیعہ احسن نجی نیوز چینل 92 نیوز سے وابستہ سینئر اینکر پرسن اور پروگرام میزبان تھیں، وہ 8 نومبر 2026ء کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد، اڈیالہ روڈ پر واقع اپنے گھر کے کمرے میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی تھیں، ان کی موت کے بعد شوہر احسن طاہر خان کو حراست میں لیا گیا اور ان کے خلاف تھانہ صدر بیرونی میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عدالت میں پیش ہونے والے مقتولہ کے اہل خانہ میں ان کی والدہ اور بہن علوینہ بھی شامل تھیں، مدعی پارٹی کی جانب سے جمع کرائے گئے حلف نامے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ربیعہ احسن کی موت ایک حادثے کے نتیجے میں ہوئی اور ملزم احسن طاہر نے انہیں جان بوجھ کر قتل نہیں کیا۔
حلف نامے کے مطابق مقتولہ کی بہن علوینہ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے طور پر مکمل تسلی کر لی ہے کہ ملزم احسن طاہر نے ان کی بہن کو قتل نہیں کیا، انہوں نے ملزم کو فی سبیل اللہ معاف کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
حلف نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ایک حادثہ تھا جس میں ربیعہ احسن کی جان چلی گئی۔مدعی خرم احمد کی جانب سے ان کی وکیل صبا فراز راجہ عدالت میں پیش ہوئیں۔
واضح رہے کہ مقتولہ کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں درج ایف آئی آر نمبر 1231/26 میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 اور پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس کی دفعہ 13-2(a) شامل کی گئی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق واقعے کے وقت ربیعہ احسن اپنے شوہر کے ساتھ کمرے میں موجود تھیں جبکہ ان کی والدہ اور بہن گھر کے لان میں بیٹھی تھیں، فائرنگ کی آواز سن کر اہل خانہ کمرے میں پہنچے تو ربیعہ خون میں لت پت پڑی تھیں جبکہ ان کے شوہر کے ہاتھ میں پستول تھا۔
ملزم کا ابتدائی مؤقف کیا تھا؟
پولیس تفتیش کے دوران احسن طاہر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ مذاق میں مقامی ساختہ پستول ربیعہ کی طرف کرکے اس کا چیمبر لوڈ کر رہے تھے کہ اچانک گولی چل گئی، جو ربیعہ کی گردن میں لگی۔
پولیس نے موقع سے 30 بور پستول قبضے میں لیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزم اسلحے کا لائسنس پیش نہیں کرسکے تھے۔
پولیس حکام نے واضح کیا تھا کہ تحقیقات کا بنیادی نکتہ یہ معلوم کرنا ہے کہ گولی حادثاتی طور پر چلی یا جان بوجھ کر فائر کی گئی، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے فرانزک تجزیے کے لیے بھی بھجوائے گئے تھے۔
کیس میں اب تک کیا پیشرفت ہوئی؟
8 نومبر کو ربیعہ احسن کی موت کے بعد شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔
9 نومبر کو اہل خانہ کی جانب سے مقدمہ آگے نہ بڑھانے کی خواہش کی خبریں سامنے آئیں تاہم بھائی خرم احمد نے اس وقت مقدمہ واپس لینے کے فیصلے کی تردید کی تھی۔
17 نومبر کو سی پی او راولپنڈی نے بتایا کہ پولیس کے مطابق مہلک گولی احسن طاہر نے چلائی تھی تاہم یہ حادثہ تھا یا دانستہ عمل، اس بارے میں تحقیقات جاری تھیں۔
18 نومبر کو نو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت نے احسن طاہر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا، پولیس نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزم کا پولی گراف ٹیسٹ ہوچکا ہے اور رپورٹ کا انتظار ہے۔
کیا اہل خانہ کی معافی سے مقدمہ ختم ہوجائے گا؟
اب اہل خانہ کی جانب سے ملزم کو معاف کرنے اور اس کے حق میں حلف نامہ جمع کرانے کی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
قانونی طور پر قتل کے مقدمے میں مقتول کے قانونی ورثاء کو ملزم معاف کرنے یا راضی نامہ کرنے کا حق حاصل ہے تاہم اس کے لیے متعلقہ عدالت کی منظوری ضروری ہے، محض حلف نامہ جمع کرانے سے مقدمہ خودبخود ختم نہیں ہوجاتا۔
مزید یہ کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے سے متعلق الزام الگ نوعیت کا ہے، جس پر ریاست کی جانب سے کارروائی جاری رہ سکتی ہے، اس لیے اہل خانہ کی معافی کے باوجود عدالت کو مقدمے کے قانونی اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لینا ہوگا۔
اس کیس میں اب دو پہلو خصوصی اہمیت رکھتے ہیں: ایک مقتولہ کے اہل خانہ کی جانب سے ملزم کو معاف کرنے کا فیصلہ اور دوسرا پولیس کی فرانزک و دیگر تحقیقات کی روشنی میں موت کے حادثاتی یا دانستہ ہونے کا تعین۔ اہل خانہ کا حلف نامہ ان کا قانونی مؤقف ہے، اسے عدالتی طور پر جرم یا بے گناہی کا حتمی فیصلہ نہیں سمجھا جاسکتا۔



