صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران تمام معاملات کا حل بات چیت سے نکالنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملک کو درپیش موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تمام معاملات کا حل بات چیت اور باہمی مشاورت کے ذریعے نکالا جائے گا۔
وزیراعظم اور صدر مملکت کی ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک میں نئے صوبوں کے قیام، صوبائی خودمختاری اور آئینی معاملات پر سیاسی بحث جاری ہے۔ بالخصوص سندھ کی تقسیم اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق وفاقی حکومت کے بعض رہنماؤں کے بیانات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اختلافات بھی سامنے آئے ہیں۔
ملاقات کے دوران اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ تمام سیاسی اور قومی معاملات پر مل بیٹھ کر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ملاقات میں آئینی ترامیم کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا کہ ماضی میں کی جانے والی آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے منظور کی گئی تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی ملاقات۔
ملاقات میں موجودہ صورتحال پر گفتگو ہوئی
ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا
تمام معاملات کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جائے گا۔ ملاقات کے دوران گفتگو
پچھلی آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے کیں گئیں۔
تمام معاملات پر مل کر بیٹھیں گے اور مشاورت سے ان کا حل نکالا جائے گا۔ ملاقات میں اتفاق
۔۔۔۔۔— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 19, 2026
اس کے علاوہ ملاقات میں علاقائی اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
ملاقات کو حکومتی اتحاد میں مشاورت اور رابطوں کے تسلسل کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ اس سے قبل 15 نومبر کو بھی وزیراعظم شہباز شریف اور صدر زرداری کی ملاقات ہوئی تھی، جس میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق آئینی تقاضوں اور مجوزہ ریفرنڈم کے معاملے پر پارلیمان کی منظوری اور سیاسی اتفاق رائے کی اہمیت پر بات ہوئی تھی۔
خیال رہے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر آئینی طریقہ کار اور سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دے چکے ہیں، جبکہ وفاقی حکومت کے بعض وزرا نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے عوامی رائے لینے کی تجویز پیش کی ہے۔



