نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے سرکاری فنڈز سے چلنے والے غذائی پروگراموں میں مذہبی ضروریات کے مطابق کھانے کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں۔
نیویارک کی شہری حکومت کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق اس اقدام کا مقصد ’حلال‘ اور ’کوشر‘ سمیت مختلف مذہبی غذائی روایات پر عمل کرنے والے شہریوں کو ان کی ضروریات کے مطابق کھانے کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
واضح رہے کہ حلال خوراک سے مراد اسلامی اصولوں کے مطابق جائز کھانے پینے کی اشیا ہیں، جب کہ کوشر یہودی مذہبی قوانین کے مطابق تیار کی جانے والی خوراک کو کہا جاتا ہے۔
ایگزیکٹو آرڈر کے تحت میئر کا آفس آف فوڈ پالیسی (ایم او ایف پی) آئندہ ایک سال میں سرکاری اداروں کے لیے غذائی رہنما اصول مرتب کرے گا، جن میں حلال اور کوشر کھانوں کی تیسرے فریق سے تصدیق، کھانوں اور ان کے اجزا پر واضح لیبل لگانے اور سرکاری غذائی پروگراموں سے فائدہ اٹھانے والوں کی رائے جاننے کے لیے سالانہ سروے کرانے کے طریقہ کار شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ نیویارک کے سرکاری ادارے ہر سال سرکاری اسکولوں کے طلبہ، اسپتالوں کے مریضوں، بزرگ شہریوں اور پناہ گاہوں میں مقیم افراد سمیت مختلف طبقات کو 22 کروڑ سے زیادہ کھانے اور ہلکی پھلکی غذائی اشیا (اسنیکس) فراہم کرتے ہیں۔
بیان کے مطابق نئے رہنما اصولوں کا مقصد مذہبی غذائی ضروریات کے مطابق کھانے کی فراہمی کے لیے یکساں طریقہ کار وضع کرنا ہے۔ اس وقت بھی درخواست پر بعض مذہبی غذائی ضروریات کے مطابق کھانے فراہم کیے جاتے ہیں، تاہم نئے رہنما اصولوں کے ذریعے اس عمل کو مزید منظم اور یکساں بنایا جائے گا۔
میئر ظہران ممدانی کے مطابق نیویارک کی حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے کھانے شہر میں رہنے والے تمام لوگوں کی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق ہونے چاہئیں۔
ان کے بقول کسی بھی شہری کو صرف اس وجہ سے غذائیت سے بھرپور کھانا چھوڑنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے کہ وہ اس کے مذہبی عقائد کے مطابق نہیں ہے۔
ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ ہم ہر سال 22 کروڑ سے زائد کھانے اور اسنیکس فراہم کرتے ہیں۔ یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور ہمیں اس بات کو یقینی بنا کر اسے پورا کرنا چاہیے کہ اسکولوں کے طلبہ اور کمیونٹی سینٹرز میں آنے والے بزرگوں کو ایسا مزیدار اور صحت بخش کھانا ملے جو ان کے مذہبی عقائد کے مطابق ہو۔
بیان کے مطابق نیویارک کے تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے غذائی رہنما اصولوں پر عمل درآمد کے لیے حتی الامکان اقدامات کریں۔ میئر کا آفس آف فوڈ پالیسی یہ رہنما اصول 17 نومبر 2027 تک جاری کرے گا۔
تاہم، اس دوران اور اس کے بعد بھی سرکاری اداروں میں فراہم کیے جانے والے کھانے نیویارک کے پہلے سے اپ ڈیٹ کردہ غذائی معیارات کے مطابق ہوں گے، جن کا نفاذ یکم جولائی 2026 سے ہو چکا ہے۔
یہ ایگزیکٹو آرڈر نیویارک کے دس سالہ غذائی پالیسی منصوبے ’فوڈ فارورڈ NYC‘ کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کے لیے سستی، صحت بخش اور ان کی ثقافتی ضروریات سے ہم آہنگ خوراک تک رسائی بڑھانا ہے۔



