پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود پر پابندی 24 دسمبر تک برقرار رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بھارتی فضائی کمپنیوں اور بھارت میں رجسٹرڈ طیاروں کے لیے پابندی برقرار رہے گی، جب کہ بھارت کی ملکیت یا لیز پر لیے گئے طیارے بھی پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔
یہ پابندی بھارتی فوجی پروازوں پر بھی لاگو ہوگی۔
فضائی حدود کی بندش سے متعلق جاری نوٹم کے مطابق پابندی 24 دسمبر کو صبح 4 بج کر 59 منٹ تک نافذ العمل رہے گی۔
Pakistan has extended its airspace ban on Indian-registered aircraft and aircraft owned, operated or leased by Indian airlines/operators, including military flights, until 24 December 2026 (04:59 AM). The restriction remains in force across Pakistani airspace. #Pakistan #Aviation
— Pakistan Airports Authority (@Pk_PAA_Official) November 19, 2026
واضح رہے کہ پاکستان نے ابتدائی طور پر 24 اپریل 2025 کو بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کردی تھی۔ یہ فیصلہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک حملے کے بعد کیا گیا تھا جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا جسے اسلام آباد نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے واقعے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
بعد ازاں بھارت نے بھی 30 اپریل 2025 کو پاکستانی طیاروں اور فضائی کمپنیوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
بھارت نے پاکستان پربے بنیاد الزامات لگانے کا سلسلہ جاری رکھا تھا اور مئی 2025 میں ’آپریشن سندور‘ کے تحت پاکستان کے خلاف بلاجواز فوجی حملوں کا آغاز کیا تھا۔
جواب میں پاکستان نے بھرپور ردعمل دیتے ہوئے ’آپریشن بنیان المرصوص‘ کا آغاز کرتے ہوئے بھارت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ بلآخر امریکی صدر کی مداخلت سے 10 مئی 2025 کو فریقین کے درمیان جنگ بندی ہوئی۔ تاہم اس دوران بھارت کو عبرتناک شکست کے ساتھ ساتھ متعدد رافیل طیارے گرنے پر عالمی سطح پر شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


