افغانستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی قیادت میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے مڈل آرڈر بلے باز رحمت شاہ کو ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیموں کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر رحمان اللہ گرباز کو نائب کپتان کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رحمت شاہ کو حشمت اللہ شاہدی کے کپتانی سے دستبردار ہونے کے بعد یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔
حشمت اللہ شاہدی نے افغانستان کی ون ڈے ٹیم کی 55 میچز میں قیادت کی اور اس عرصے میں ٹیم نے متعدد اہم کامیابیاں حاصل کیں۔
بورڈ کے مطابق رحمت شاہ گزشتہ 2021 سے حشمت اللہ شاہدی کے نائب کپتان کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، جس کے باعث انہیں ٹیم کی قیادت اور انتظامی امور کا بھرپور تجربہ حاصل ہے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ رحمت شاہ کی بطور کپتان پہلی ذمہ داری آئرلینڈ کے خلاف آئندہ سیریز ہوگی، جہاں وہ پہلی بار باضابطہ طور پر ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کی قیادت کرتے نظر آئیں گے۔
آئی سی سی کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری، بابر اعظم چھٹے نمبر پر آ گئے
رحمت شاہ نے 2013 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا اور وہ افغانستان کے تجربہ کار کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
اب تک وہ افغانستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 128 ون ڈے اور 12 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں، جبکہ متعدد اہم مواقع پر اپنی ذمہ دارانہ بیٹنگ سے ٹیم کو کامیابیاں دلانے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے امید ظاہر کی ہے کہ رحمت شاہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور وسیع تجربے کی بدولت ٹیم کو مزید کامیابیوں سے ہمکنار کریں گے اور بین الاقوامی کرکٹ میں افغانستان کی کارکردگی کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
