فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جی ایچ کیو میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی، بلوچستان کی صورتحال اور صوبے کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے بلوچستان میں پائیدار امن قائم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ہدفی کارروائیاں مکمل عزم کے ساتھ جاری رہیں گی اور دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک یہ عمل جاری رہے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور عوام کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گرد نیٹ ورکس کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم مسلح افواج اور عوام کے اتحاد و استقامت سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔

انہوں نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر اور قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے محب وطن، باصلاحیت اور ثابت قدم عوام بلوچستان کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی منصوبے بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوامی اور جامع حکمت عملی کے تحت جاری ہیں۔ انہوں نے قومی یکجہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔
ٹرمپ نے سعودی عرب سے سول جوہری معاہدے کو ابراہمی معاہدوں میں شمولیت سے مشروط کر دیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے قومی اتحاد، استقامت اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خودمختاری کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
