کراچی، ملک میں معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے ساتھ کے الیکٹرک کے صنعتی صارفین کی جانب سے بجلی کے استعمال نے بھی نئی ریکارڈ سطح حاصل کرلی۔
مالی سال 2026 کے دوران کے الیکٹرک کے صنعتی فیڈرز پر بجلی کی کھپت 6 ارب 8 کروڑ یونٹس تک پہنچ گئی، جو ادارے کی تاریخ میں کسی بھی مالی سال کے دوران سب سے زیادہ ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مالی سال 2026 میں صنعتی صارفین کی بجلی کی کھپت میں نمایاں اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارے کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت کراچی کی صنعتوں کو مسلسل، قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد طہٰ نے کہا کہ صنعتی بجلی کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ صرف ادارے کی کامیابی نہیں بلکہ حکومت پاکستان، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور کراچی کی صنعتی برادری کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

ان کے مطابق سازگار کاروباری ماحول، سرمایہ کاری میں بہتری اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافے نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے اور کے الیکٹرک گزشتہ کئی برسوں سے صنعتوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ان کے مطابق 2013 سے صنعتی فیڈرز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے تاکہ صنعتی پیداوار اور برآمدات متاثر نہ ہوں۔
اعلامیے کے مطابق کے الیکٹرک کے صنعتی فیڈرز مختلف صنعتی زونز میں قائم فیکٹریوں اور پیداواری یونٹس کو بجلی فراہم کرتے ہیں، جبکہ تمام صنعتی صارفین کے پاس اسمارٹ میٹرز نصب ہیں، جن کے ذریعے وہ اپنے بجلی کے استعمال کی براہ راست نگرانی کر سکتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے ڈالر ذخائر میں مزید اضافہ، نئے اعداد و شمار جاری
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بجلی کا استعمال بی تھری (B3) کیٹیگری میں ریکارڈ کیا گیا، جس میں 501 سے 5 ہزار کلوواٹ تک بجلی استعمال کرنے والی صنعتیں شامل ہیں۔
اس زمرے میں سیمنٹ، اسٹیل، ٹیکسٹائل، کیمیکل اور دیگر بڑے صنعتی شعبے شامل ہیں۔ ماہانہ بنیاد پر جون 2026 میں صنعتی بجلی کا استعمال سب سے زیادہ رہا، جبکہ اپریل 2026 دوسرے نمبر پر رہا۔
اس سے قبل مالی سال 2022 میں صنعتی صارفین نے 5.84 ارب یونٹس بجلی استعمال کر کے اس وقت کا ریکارڈ قائم کیا تھا، تاہم مالی سال 2026 میں یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
ادارے کے مطابق مالی سال 2025 میں صنعتی بجلی کی کھپت 5.04 ارب یونٹس تھی، جس کے مقابلے میں رواں مالی سال کے دوران 20 فیصد سے زائد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق حکومت کی جانب سے صنعتوں کو کیپٹو پاور پلانٹس سے قومی گرڈ پر منتقل کرنے کی پالیسی، معاشی سرگرمیوں میں بہتری اور صنعتی پیداوار میں اضافے نے بھی بجلی کی طلب بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اسی عرصے کے دوران کے الیکٹرک نے 349 نئے صنعتی کنکشنز فراہم کیے جبکہ 273 صنعتی صارفین نے اپنے بجلی کے لوڈ میں اضافہ کیا، جس سے گرڈ پر 168 میگاواٹ اضافی طلب شامل ہوئی۔
کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ صنعتی فیڈرز کی ریکوری کی شرح تمام صارفین کے مختلف زمروں میں سب سے بہتر رہی، جو بروقت بلوں کی ادائیگی اور لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ کے درمیان مضبوط تعلق کی عکاسی کرتی ہے۔
ادارے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی کی صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی اس کی اولین ترجیح رہے گی تاکہ ملکی معیشت کی ترقی کا سفر جاری رکھا جا سکے۔
