فیفا ورلڈکپ 2026 میں تیسری پوزیشن کے سنسنی خیز میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو 4 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دیدی۔
میامی میں میگا ایونٹ کے تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلش ٹیم کپتان ہیری کین سمیت 7 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اُتری،کھیل کا آغاز ہوا تو انگلینڈ کی ٹیم ابتدا سے ہی جارحانہ موڈ میں دکھائی دی، تیسرے ہی منٹ میں اُن کے کھلاڑی ڈیکلن رائس نے گول داغ دیا۔

خسارے میں جانے کے بعد فرانسیسی کھلاڑیوں نے کچھ حملے تو کئے مگر انگلش گول کیپر انتہائی چُست دکھائی دیئے، گیند کو جال میں جانے نہ دیا۔ انہیں نے متعدد گول روکے۔
دوسری جانب انگلش کھلاڑیوں نے سیمی فائنل والی غلطی نہیں دہرائی اور سبقت حاصل کرنے کے بعد دفاعی کھیل کے بجائے جارحانہ حکمت عملی اپنائی جس کا نتیجہ انہیں پہلے ہاف میں مزید تین گول کی صورت میں ملا۔
کونسا نے 18ویں منٹ میں جبکہ ساکا نے 37ویں اور انجری ٹائم میں گول کرکے انگلش ٹیم کی برتری چار صفر کردی۔

دوسرے ہاف میں فرانس کی ٹیم بالکل بدلی ہوئی دکھائی دی، ایم باپے نے اسکورنگ کا آغاز کیا پھر بارکولا نے گول بنایا، پھر ایم باپے نے ٹیم کے لیے تیسرا گول اسکور کیا۔
انگلینڈ کو ملنے والی پنالٹی پر ساکا نے گول کرکے اسکور پانچ تک کیا اور اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی جبکہ فرانس کی جانب سے چوتھا گول دیمبیلے نے بنایا۔
انگلینڈ کی جانب سے چھٹا گول بیلہنگم نے بالکل آخری لمحات میں بنایا، یوں انگلینڈ نے چار کے مقابلے میں چھ گول سے کامیابی حاصل کی۔

یہ میچ ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول ہونے والے تیسرے نمبر کے پلے آف میچز میں شامل ہو گیا، جبکہ فرانس نے پہلی بار کسی ورلڈ کپ میچ میں 6 گول بھی کھائے۔
تاریخی کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے 1966 میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد پہلی بار کسی ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ غیرملکی سرزمین پر اپنی تاریخ کی بہترین ورلڈ کپ کارکردگی بھی ریکارڈ کرادی۔
