وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ شیخوپورہ کے گلستان تھیٹر میں ڈرامے کے دوران اداکارہ پر تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شیخوپورہ کے گلستان تھیٹر میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا پنجاب حکومت نے فوری نوٹس لیا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ملزم کے خلاف تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے کارروائی کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تھیٹرز میں فنکاروں اور اداکاروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا تھیٹر مالکان کی ذمہ داری ہے ، انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ سکیورٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے تاکہ فنکار بلا خوف و خطر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔
عظمیٰ بخاری کا فضا علی کے وائرل کلپ پر سخت ردعمل
انہوں نے کہا کہ خواتین کے ساتھ بدسلوکی، ہراسانی یا تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے واقعات نہ صرف قابل مذمت ہیں بلکہ معاشرتی اقدار کے بھی منافی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کے احترام، تحفظ اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، جبکہ کسی کو بھی خواتین کی تضحیک کرنے یا ان کے ساتھ ناروا سلوک کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلائی جائے۔
