اسلام آباد: حکومت نے بیرون ملک روزگار حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے اہم ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے نوکری اور ورک ویزا کے نام پر فراڈ کرنے والے عناصر سے محتاط رہنے کی ہدایت کر دی۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری آگاہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ متعدد افراد جھوٹے وعدوں اور جعلی ورک ویزا کی پیشکش کے ذریعے شہریوں سے لاکھوں روپے بٹور رہے ہیں، اس لیے کسی بھی ایجنٹ کی زبانی یقین دہانی پر رقم ادا نہ کی جائے۔
بیورو نے واضح کیا کہ ٹریول ایجنسیوں کا کام صرف فضائی ٹکٹوں اور ہوٹل بکنگ تک محدود ہے، جبکہ بیرون ملک ملازمت دلوانا یا ورک ویزا فراہم کرنا ان کے قانونی دائرہ اختیار میں شامل نہیں۔
حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت کے تمام مواقع کی تصدیق صرف بیورو آف امیگریشن کے فارن جابز پورٹل اور حکومت سے لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسیوں کے ذریعے کی جائے۔

بیورو کے مطابق سرکاری طریقہ کار اختیار کرنے سے فراڈ اور غیر قانونی بھرتیوں سے بچا جا سکتا ہے، جبکہ ملازمت کے نام پر رقم وصول کرنے والی کسی بھی غیر قانونی ایجنسی یا فرد کے خلاف فوری طور پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو اطلاع دی جائے تاکہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: آئینی عدالت کا سندھ پبلک سروس کمیشن کو بڑا ریلیف، انکوائری کا حکم معطل کر دیا
حکام نے ایک بار پھر شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی محنت کی کمائی کسی غیر مصدقہ ایجنٹ یا درمیانی شخص کے حوالے نہ کریں اور بیرونِ ملک روزگار کے لیے صرف سرکاری اور قانونی ذرائع پر اعتماد کریں۔
