قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم اراکین عوام کی آواز بن گئے۔
ایم کیو ایم کے اراکین قومی اسمبلی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پیٹرول، ڈیزل اور بجلی مہنگی کرکے عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈال رہی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین قومی اسمبلی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مہنگائی سے پریشان عوام پر ایک اور معاشی حملہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔
اپنے مشترکہ بیان میں اراکین قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومت پیٹرول، ڈیزل اور بجلی مہنگی کرکے عوام کی زندگی مزید مشکل بنا رہی ہے جبکہ حکمرانوں کو عوامی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ایسے فیصلوں پر نظرثانی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایک جانب مہنگائی میں کمی کے دعوے کر رہی ہے مگر دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ انہی دعوؤں کی نفی کرتا ہے۔ ان کے مطابق ایندھن مہنگا ہونے سے اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور کاروباری لاگت میں مزید اضافہ ہوگا، جس کے اثرات براہِ راست عام شہریوں پر پڑیں گے۔
اراکین قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے شدید بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور ایسے فیصلے ان کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ کریں گے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
حکومت نے پیٹرول و ڈیزل کی قیمت میں بڑا اضافہ کر دیا
دوسری جانب پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر شہریوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئے دن پیٹرول کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں جس کا اثر ہر چیز پر ہوتا ہے ہے اور تمام ضروری اشیاء بھی مہنگی ہو جاتی ہیں، شہریوں نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 18 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔
