اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اسلام آباد، مردان، شانگلہ ، بونیر ، صوابی ، شبقدر ، چترال ، لوئر دیر اور دیگر شہروں میں زلزلہ رات 10 بج کر 49 منٹ پر آیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 84 کلومیٹر اور مرکز افغانستان کا کوہ ہندوکش ریجن تھا۔
زلزلے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
زلزلے آنے کی وجوہات کیا ہیں؟
زلزلہ بنیادی طور پر زمین کی اندرونی چٹانی تہوں میں اچانک حرکت اور ٹکراؤ کی وجہ سے آتا ہے، زمین کی بیرونی تہہ کئی بڑی بڑی پلیٹوں پر مشتمل ہے جو مسلسل حرکت کرتی رہتی ہیں۔ جب یہ پلیٹس ایک دوسرے سے ٹکراتی ہیں یا آپس میں رگڑ کھاتی ہیں تو ان کے درمیان شدید دباؤ پیدا ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ زمین کے اندر لاوے اور میگما کی حرارت یا آتش فشاں پھٹنے سے بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہیں۔

