امریکا اور پرتگال کے فیفا ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد کوارٹر فائنل ٹکٹوں کی قیمتوں میں 50 فیصد تک کمی ہو گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل مرحلے سے قبل امریکا اور پرتگال کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد ٹکٹوں کی ثانوی مارکیٹ کو متاثر کر دیا، جہاں کئی اہم میچوں کے ٹکٹوں کی قیمتیں نصف سے بھی کم ہو گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس میں جمعہ کو کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل کے سب سے سستے ٹکٹ کی قیمت تقریباً 2 ہزار 950 ڈالر سے کم ہو کر ایک ہزار 200 ڈالر تک آ گئی۔
ٹکٹوں کی قیمتوں میں یہ نمایاں کمی اس وقت دیکھنے میں آئی جب امریکا بیلجیئم کے ہاتھوں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گیا۔ جبکہ اسپین نے پرتگال کو شکست دے کر کرسٹیانو رونالڈو کے ورلڈ کپ سفر کا بھی اختتام کر دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور پرتگال کوارٹر فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتے تو اس مقابلے کے ٹکٹوں کی طلب اور قیمتیں کہیں زیادہ ہوتیں۔
دوسری جانب فرانس اور مراکش کے درمیان کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل کو اس مرحلے کا نسبتاً کم قیمت والا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ابتدائی ٹکٹ تقریباً 989 ڈالر میں دستیاب ہیں۔
19 جولائی کو نیو جرسی میں شیڈول ورلڈ کپ فائنل کے ٹکٹوں کی ابتدائی قیمت 9 ہزار 346 ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ تاہم فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کے تعین کے بعد ان قیمتوں میں مزید ردوبدل متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا لیونل میسی نے مصر کے کوچنگ اسٹاف سے تلخ کلامی کی؟ حقیقت سامنے آگئی
رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران کوارٹر فائنل ٹکٹوں کی اوسط قیمت میں نمایاں کمی جبکہ فروخت کے لیے دستیاب ٹکٹوں کی تعداد میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو طلب میں کمی کی عکاسی کرتا ہے۔
