اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر کی تاجر برادری، بالخصوص چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس اسکیم کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ خصوصی ٹیکس طریقہ کار صرف سال 2026 کے لیے نافذ العمل ہو گا۔ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے اہل دکاندار اپنے مجموعی کاروبار پر ایک فیصد کی شرح سے ٹیکس ادا کریں گے، جس کا مقصد ٹیکس نظام کو آسان اور زیادہ سے زیادہ تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنا ہے۔ جس کے تحت سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے انفرادی دکاندار صرف ایک فیصد ٹیکس ادا کر سکیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سالانہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کراتے وقت کم از کم 25 ہزار روپے نقد ٹیکس جمع کرانا لازمی ہو گا۔ جبکہ پہلے سے کٹے ہوئے ودہولڈنگ ٹیکس کو قابل ادائیگی ٹیکس میں ایڈجسٹ کیا جا سکے گا۔ تاہم اگر ودہولڈنگ ٹیکس قابل ادائیگی رقم سے زیادہ ہو تو اضافی رقم واپس نہیں کی جائے گی۔
ایف بی آر نے رجسٹریشن کا عمل بھی انتہائی آسان بنا دیا ہے۔ اہل دکاندار آئی آر آئی ایس (IRIS) پورٹل، موبائل ایپ یا اپنے قریبی ٹیکس دفتر کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس خصوصی اسکیم میں شامل ہونے والے دکانداروں کو معمول کے آڈٹ سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔ تاہم اگر کسی غیر معمولی لین دین یا اسکیم کے غلط استعمال کی نشاندہی ہوئی تو ایف بی آر قانون کے مطابق کارروائی کر سکے گا۔ اس کے علاوہ ایسے دکانداروں کو پی او ایس (POS) سسٹم اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے نفاذ سے بھی استثنیٰ دیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ وقت پر ریٹرن جمع نہ کرانے یا اسکیم کا انتخاب نہ کرنے والے دکانداروں پر 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک کا شرح سود برقرار رکھنے کا فیصلہ ، معیشت پر کیا اثر پڑے گا؟
اسکیم کے تحت رجسٹر ہونے والے تمام اہل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے خصوصی کیو آر (QR) کوڈ پر مشتمل گرین پلیٹ بھی جاری کی جائے گی، جس سے ان کی رجسٹریشن اور ٹیکس حیثیت کی آسانی سے تصدیق کی جا سکے گی۔
