اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن نورین نیازی کے خلاف پیکا ایکٹ اور تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق نورین نیازی کے خلاف مقدمہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) اسلام آباد میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق نورین نیازی نے ایک انٹرویو کے دوران ریاستی اداروں، بشمول مسلح افواج پر جھوٹے الزامات عائد کیے اور معرکہ حق کے دوران افواج پاکستان کی کامیابیوں کو جھٹلانے کی کوشش کی۔
ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نورین نیازی نے جھوٹا بیانیہ پھیلا کر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت، بداعتمادی اور اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی، جبکہ ان کے بیانات کا مقصد ریاستی اور دفاعی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق نورین نیازی کو متعدد بار نوٹسز کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کرانے اور تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کی گئی، تاہم وہ تفتیشی عمل میں شامل نہیں ہوئیں، جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بارشوں کا نیا طاقتور سلسلہ آج سے شروع، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا
حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور قانون کے مطابق آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
