مظفرآباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 2026 کے عام انتخابات کے لیے اپنی انتخابی سرگرمیاں مزید تیز کرتے ہوئے مزید امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔
پارٹی قیادت کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق مختلف حلقوں میں امیدواروں کو باضابطہ طور پر انتخابی ٹکٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ایل اے 15 وسطی باغ سے سردار ضیا القمر کو پاکستان پیپلزپارٹی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے، جبکہ ایل اے 22 پاچھیوٹ، راولاکوٹ سے سردار احمد صغیر پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔
اسی طرح ایل اے 25 اپر نیلم سے میاں عبد الوحید کو پاکستان پیپلزپارٹی کا انتخابی امیدوار نامزد کر دیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات 2026 کے لیے امیدواروں کے اعلان کا سلسلہ مرحلہ وار جاری ہے اور باقی حلقوں کے امیدواروں کے نام بھی جلد سامنے لائے جائیں گے۔
آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویرالیاس نے پیپلز پارٹی سے راہیں جدا کر لیں
پیپلزپارٹی نے انتخابی مہم کو مؤثر بنانے اور کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں بھرپور عوامی حمایت حاصل کی جائے گی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق مختلف حلقوں میں امیدواروں کے اعلان کے بعد آزاد کشمیر کی انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی جلد اپنے باقی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر سکتی ہیں۔
