ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جس کے باعث کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات کے مطابق ملک میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 2800 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2800 روپے تک ہے جو ملک بھر میں سب سے زیادہ ہے۔
دیگر شہروں کا موازنہ کیا جائے تو پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2750 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلہ 2733 روپے اور راولپنڈی میں 2707 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
اس کے علاوہ کوئٹہ اور بنوں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2700 روپے تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلہ 2600 روپے، خضدار اور لاڑکانہ میں 2400 روپے، فیصل آباد میں 2350 روپے، گوجرانوالہ میں 2333 روپے اور ملتان میں 2267 روپے تک ہو گیا ہے۔
ملک کے دیگر بڑے شہروں کے مقابلے میں لاہور میں آٹے کی قیمت سب سے کم ریکارڈ کی گئی ہے جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلہ 2250 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
