کراچی میں ایک اور تاجر کو بھتے کی کال موصول ، بھاری رقم مانگ لی گئی۔
کراچی میں الیکٹرانکس کے کاروبار سے وابستہ ایک اور تاجر کو مبینہ طور پر بھتے کی کال موصول ہوئی ہے، جس کے بعد متاثرہ تاجر نے مقدمہ تھانہ پریڈی میں درج کرا دیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ تاجر عدنان کی مدعیت میں بھتہ خوری کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ صدر عبداللہ ہارون روڈ پر واقع ایک تجارتی عمارت میں الیکٹرانکس کا کاروبار کرتا ہے۔
مدعی کے مطابق 14 مئی کو اس کے واٹس ایپ نمبر پر ایک غیر ملکی نمبر سے کال موصول ہوئی، کال کرنے والے نے خود کو لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والا بتایا اور 25 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا۔

تاجر کے مطابق بھتہ نہ دینے کی صورت میں اسے اور اس کے بھائی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں جبکہ ملزم نے خاندان سے متعلق تفصیلات اور دکان پر آنے جانے کے اوقات بھی بتائے۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل، گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی
مدعی نے بتایا کہ ملزم نے پولیس سے رابطہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میرے لڑکے تمہارے پیچھے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے تفتیش اسپیشل انوسٹیگیشن یونٹ کے حوالے کر دی گئی ہے جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔
