اسرائیلی حکام نے فلسطین کی خواتین قومی فٹبال ٹیم کی دو کھلاڑیوں رند الحلوانی اور سابق قومی کھلاڑی نتالی ابو دیہ کو گرفتار کر لیا۔
فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن نے گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فلسطینی کھلاڑیوں کو نشانہ بنانے کی پالیسی کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ دونوں خواتین کی گرفتاری پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
فلسطینی حکام کے مطابق 20 سالہ رند الحلوانی کو منگل کے روز یروشلم میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں اسرائیلی عدالت نے ان کی حراست میں توسیع کر دی۔ حکام نے گرفتاری کی وجوہات عوامی طور پر بیان نہیں کیں۔
دوسری جانب سابق قومی فٹبالر نتالی ابو دیہ کو بھی اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا۔
فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن نے عالمی فٹبال تنظیم فیفا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے اور فلسطینی کھلاڑیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب فلسطینی کھلاڑیوں کو سفر، کھیلوں کی سرگرمیوں اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے حوالے سے مختلف پابندیوں کا سامنا ہے۔
