بلوچستان حکومت نے عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر تمام سرکاری دفاتر اور صوبائی ادارے بند رہیں گے۔ تعطیلات کا اعلان محرم الحرام کے مذہبی احترام اور عوامی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
سندھ حکومت کا 9 اور 10 محرم کو عام تعطیل کا اعلان
یاد رہے وفاقی حکومت نے بھی 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر ملک بھر میں دو روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا ہے،وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے 9 اور 10 محرم الحرام کی چھٹیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 25 جون کو 9 محرم جبکہ 26 جون کو یوم عاشور (10 محرم) کے موقع پر تمام سرکاری دفاتر اور ادارے بند رہیں گے۔ تعطیلات کا اطلاق وفاقی حکومت کے زیر انتظام دفاتر اور اداروں پر ہو گا۔
تعطیلات کے باعث سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور متعدد نیم سرکاری اداروں میں معمول کی سرگرمیاں بند رہیں گی۔ تاہم ضروری خدمات، اسپتالوں، ریسکیو اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ہنگامی سروسز کے اہلکار معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
بلوچستان میں 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ ، کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی
محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ جبکہ متعلقہ اداروں کو امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
سرکاری ملازمین کو محرم الحرام کی تعطیلات اور معمول کی ہفتہ وار چھٹیوں کو ملا کر مجموعی طور پر 4 چھٹیاں میسر آئیں گی۔
