پاکستان میں پہلی بار منعقد ہونے والے مشہور عالمی ٹیلنٹ شو ‘پاکستان گاٹ ٹیلنٹ’ نے اپنے پہلے سیزن کے ججز کا اعلان کر دیا ہے۔
پینل میں گلوکار علی ظفر، اداکارہ مہوش حیات اور کامیڈین و میزبان تابش ہاشمی شامل ہیں۔
شو کی انتظامیہ نے ججز کے نام اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کیے۔ سب سے پہلے تابش ہاشمی کو بطور جج متعارف کرایا گیا، جنہوں نے ملک بھر کے باصلاحیت افراد کو آڈیشنز میں شرکت کی دعوت دی۔ اس کے بعد مہوش حیات کو پینل میں شامل کیا گیا۔
مہوش حیات نے انسٹا گرام پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ پاکستان کے ہر شہر و گاؤں میں باصلاحیت افراد موجود ہیں، جنہیں اب اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔
عائشہ عمر نے اپنی ذاتی تصاویر لیک ہونے پر خاموشی توڑ دی
آخر میں گلوکار و اداکار علی ظفر کو پینل کا حصہ بنایا گیا۔ انہوں نے امیدواروں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کے لیے اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا وقت آ گیا ہے۔
‘پاکستان گاٹ ٹیلنٹ’ دنیا بھر میں مقبول Got Talent فارمیٹ پر مبنی شو ہے، جو 70 سے زائد ممالک میں نشر کیا جا چکا ہے۔ شو کی پروڈکشن کمپنی نے ملک بھر سے امیدواروں کے لیے آڈیشنز کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جہاں گلوکاری، رقص، کامیڈی، جادوگری اور دیگر منفرد صلاحیتوں کے حامل افراد شرکت کر سکتے ہیں۔
ججز کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آیا ہے اور شو کے پہلے سیزن کے لیے عوام پرجوش ہیں۔
